library-zia-e-research

انجمن ضیائے طیبہ نے اپنے قیام کے چند ہی ماہ بعد ایک لائبریری قائم کرنے کا عزمِ صمیم کیا اور الحمدللہ تبارک وتعالیٰ جلد ہی دیرینہ علم دوست احباب کے تعاون سے ضیائی ریسرچ لائبریری قائم کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

ضیائی ریسرچ لائبریری میں مختلف موضوعات پر کتب کا وسیع علمی ذخیرہ موجود ہے۔

ضیائی ریسرچ لائبریری کی طرف سے مقامی وغیرِ مقامی علما کو، نہ صرف استفادے کا موقع دیا جاتا ہے؛ بلکہ انھیں تحقیقی مضامین ومقالہ جات کی تیاری میں بھرپور علمی وفنّی تعاون بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

دورِ جدید کے تقاضوں کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے ضیائی ریسرچ لائبریری کو جدید نیٹ ورک سے منسلک کیا جا چکا ہے ۔

آن لائن ضیائی ریسرچ لائبریری :

انجمن ضیائے طیبہ کا مقصد اسلام کے قیمتی اور نایاب ورثے کو معدوم ہونے سے بچانا اور عوام النّاس تک اس کی رسائی آسان بنانا ہے۔

اس مقصد کے تحت، ادارے نے اردو میں اسلامی ، ادبی اور تدریسی مواد پبلش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ اردو مواد پر مشتمل ایک ایسی سائٹ موجود ہو جہاں سے علم کے سوتے پھوٹیں، ایک ایسی ریفرنس لائبریری جو مطالعہ، تلاش و جستجو و تحقیق میں اوّلین رسائی کے لیے ایک مستند و معیاری حوالہ سمجھی جائے۔

اسی عزم کے پیشِ نظر اس ضیائی ریسرچ لائبریری کے چندشعبے عمل میں آئے ۔

  • شعبۂ کمپوزنگ
  • شعبۂ پروف ریڈنگ
  • شعبۂ ای ریڈ بک
  • شعبۂ اسکیننگ
  • شعبۂ اندراج

انچارج ضیائی ریسرچ لائبریری :

ضیائی ریسرچ لائبریری کی اب تک راقم السّطور ( سیّد محمد مبشر قادری ) ہی نگرانی کرتا رہا، جب کہ پچھلے برس ۲۰۱۵ء سے اب تک کے موجودہ انچارج محترم جناب ندیم احمد نؔدیم نورانی صاحب ہیں ۔

گوشہ جات :

ضیائی ریسرچ لائبریری کی وسعت و اہمیت کو مدِّنظر رکھتے ہوئے لائبریری میں اہم گوشہ جات قائم کیے گئے ہیں، جن میں قابلِ ذکر یہ ہیں:

  • گوشۂ انبیائے کرام علیٰ نبیّنا وعلیہم الصّلاۃ و السّلام
  • گوشۂ اَصحابِ رسول صلّی اللہ تعالیٰ علیہ وعلیٰ آلہٖ واصحابہٖ وسلّم
  • گوشۂ اہلِ بیتِ اطہار صلّی اللہ تعالیٰ علیہ وعلیٰ اہل بیتہٖ و سلّم
  • گوشہ اَحناف (امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نام سے منسوب، آپ کی کتب اور آپ پر تحقیقات کا گراں قدر علمی ذخیرہ موجود ہے ۔)
  • گوشۂ غوث الاعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ
  • گوشۂ خواجہ غریب نواز رضی اللہ تعالیٰ عنہ
  • ٰگوشۂ مجددِ الفِ ثانی رحمہ اللہ تعالی
  • گوشۂ اعلیٰ حضرت رضی اللہ تعالیٰ عنہ
  • گوشۂ محدث سورتی رحمہ اللہ تعالیٰ

مزید قائم کردہ گوشہ جات کی تفصیل طوالت کے پیشِ نظر قلم بند نہیں کی گئی ، البتہ لائبریری اور اس کے دیگر گوشہ جات آپ کی آمد کے منتظر ہیں ۔

شعبہ جات :

الحمدللہ تبارک وتعالیٰ ۔۔۔! ضیائی ریسرچ لائبریری میں ترتیب و تزئین کا کام جاری ہےاور مسلسل و مستقل کتب کی آمد و اندراج کے سبب یہ کام تادیر جاری رہے گا ۔

لائبریری کے اُصول وضوابط کے پیشِ نظر جو معروف شعبہ جات قائم ہیں ان کی تفصیل درجِ ذیل ہے:

  • قرآنیات (علومِ قرآن )
  • تفاسیرِِ قرآن
  • احادیث و علومِ احادیث
  • شروحاتِ احادیث
  • سیرت
  • فقہ و فتاوٰی
  • لغت
  • تذکرہ و سوانح
  • تصوّف و طریقت
  • فضائل و مناقب
  • منظومات ۔۔۔۔۔وغیرہم

فہرستِ ضیائی ریسرچ لائبریری :

ضیائی ریسرچ لائبریری کی ایک مکمّل فہرست اور ساتھ ساتھ ڈیجیٹل فہرست پر کام جاری ہے، جسے اِنْ شَآءَاللہُ تَبَارَکَ وَتَعَالیٰ جلد منظرِ عام پر لایا جائے گا۔

ادارہ آپ کی تجاویز و آراء..... مفید اصلاحی مشوروں.....اور علمی و قلمی تعاون کا ہمیشہ سے منتظر ہے اور رہے گا۔