سید آلِ رسول حسنین میاں نظمی مارہروی  

نور احمد کی ضیا ہے مسلکِ احمد رضا

یاالہٰی مسلک احمد رضا خاں زندہ باد

از: سید آلِ رسول حسنین میاں نظمی مارہروی

نور احمد کی ضیا ہے مسلکِ احمد رضا
شمعِ دینِ مصطفیٰﷺ ہے مسلکِ احمد رضا
لوگ کہتے ہیں کہ کیا ہے مسلکِ احمد رضا
مسلکِ احمد رضا ہے، مسلکِ احمد رضا
مذہبِ حنفی ہو یا ہو مشربِ غوث﷜ و علی﷜
ہم تلک پہنچا رہا ہے مسلکِ احمد رضا
رب کو مانو اور حبیبِ ربﷺ سے تم اُلفت کرو
ہاں یہی تو کہہ رہا ہے مسلکِ احمد رضا
اک مثلث تھے رضا علم و عمل اور عشق کے
زاویہ در زاویہ ہے مسلکِ احمد رضا
یہ سکھاتا ہے شریعت اور طریقت کے اُصول
دین و ایماں کی جِلا ہے مسلکِ احمد رضا
فی زمانہ سُنّیت کی بس یہی پہچان ہے
سکّہ رائج وقت کا ہے مسلکِ احمد رضا
پوری سُنّی دنیا میں سچّے عقیدے کے لیے
ابتدا اور انتہا ہے مسلکِ احمد رضا
اعلیٰ حضرت﷫ کا یہ احساں ہم مسلمانوں پہ ہے
عشقِ احمدﷺ دے رہا ہے، مسلکِ احمد رضا
نام کے سیّد جو جلتے ہیں رضا کے نام سے
اُن کے دل میں چبھ رہا ہے مسلکِ احمد رضا
سامنا ہوتا ہے جب بھی دشمنانِ دین سے
ڈھال بن کر آگیا ہے مسلکِ احمد رضا
مرشدِ مارہرہ نے نسبت رضا کو ایسی دی
شرحِ دینِ حق بنا ہے مسلکِ احمد رضا
خاندانِ برکت اللّٰہی کا یہ فیضان ہے
نور سر تا پا بنا ہے مسلکِ احمد رضا
نظمی تم کو کیوں نہ برکاتی رضا پر ناز ہو
تم نے گھُٹّی میں پیا ہے مسلکِ احمد رضا
ممبئ، ۲۵ جنوری ۲۰۰۸ء

﷫﷫﷫﷫﷫﷫﷫﷫﷫

...